ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارلیمنٹ میں پہلی تقریر: پرینکا گاندھی نے ’ارون والمیکی‘ کا ذکر کیوں کیا؟

پارلیمنٹ میں پہلی تقریر: پرینکا گاندھی نے ’ارون والمیکی‘ کا ذکر کیوں کیا؟

Sat, 14 Dec 2024 10:55:17  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 14/دسمبر (ایس او  نیوز /ایجنسی)ہندوستانی آئین کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر آج لوک سبھا میں آئین پر ایک اہم بحث کا انعقاد کیا گیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے منتخب رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اپنی پہلی تقریر میں اہم مسائل کو اجاگر کیا۔ ان کی تقریر نے نہ صرف ایوان کی توجہ حاصل کی بلکہ موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر کا آغاز اناؤ عصمت دری متاثرہ کی داستان اور ارون والمیکی کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ کی جدوجہد کو بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ان واقعات کو آئینی انصاف کی ضرورت کا مظہر قرار دیا اور متاثرہ خاندانوں کی آواز کو ’آئین کی طاقت‘ سے تعبیر کیا۔

اناؤ عصمت دری واقعہ سے متعلق خبریں تو اکثر آتی رہتی ہیں، لیکن ارون والمیکی ایک ایسا نام ہے جس کے بارے میں کم ہی لوگوں کو معلوم ہوگا۔ اپنی تقریر میں ارون والمیکی کا تذکرہ کر پرینکا گاندھی نے کئی لوگوں میں یہ تجسس پیدا کر دیا کہ آخر یہ شخص کون ہے۔ آئیے یہاں جانتے ہیں ارون والمیکی اور ان کے ساتھ پیش آئے واقعہ کے بارے میں۔

اکتوبر 2021 میں پرینکا گاندھی نے ایک کنبہ سے ملاقات کی جس کے رکن کا مبینہ طور پر آگرہ میں پولیس حراست کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ شخص کوئی اور نہیں... ارون والمیکی ہی تھے۔ ارون پر الزام تھا کہ انھوں نے آگرہ کے جگدیش پورہ پولیس اسٹیشن سے تقریباً 25 لاکھ روپے کی چوری کی۔ میڈیارپورٹس میں بتایا گیا کہ اس چوری کے بعد ان کی گرفتاری ہوئی اور مبینہ طور پر پولیس حراست میں ان کی موت ہو گئی۔ اس وقت میڈیا نے یہ بھی رپورٹ شائع کی تھی کہ ارون والمیکی کی صحت پولیس کے ذریعہ پوچھ تاچھ کے دوران خراب ہوئی تھی۔ پرینکا گاندھی نے جب متاثرہ کنبہ سے ملاقات کر پوری تفصیل جانی، تو انھوں نے اتر پردیش نظامِ قانون کی حالت کو خوفناک کہا تھا۔

ارون والمیکی پر الزام تھا کہ انھوں نے مال خانہ سے پیسے چرائے، جہاں پولیس کی طرف سے ضبط کی گئی چیزیں رکھی ہوئی تھیں۔ ارون والمیکی بطور صفائی ملازم جگدیش پورہ پولیس اسٹیشن میں ہی کام کیا کرتے تھے۔ چوری کے بعد 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔ جب ارون کی موت ہوئی تھی تو اس کے بعد والمیکی سماج کے لوگ ارون کے گھر اکٹھا ہوئے تھے اور اس معاملے کی شفافیت کے ساتھ جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا تھا۔


Share: